بھٹکل 9/ اپریل (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ بلاک کانگریس کمیٹی کی طرف سے ٹاون پولیس اسٹیشن میں ریاستی وزیر داخلہ جیانیندرا ارگا اور بی جے پی کے قومی سیکریٹری سی ٹی روی کے خلاف شکایت درج کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بنگلورو میں ہوئے چندرو مرڈر کیس میں ان دونوں کی طرف سے دئے گمراہ کن اور اشتعال انگیز بیان پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔
پولیس کو دی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ 6 اپریل کو بنگلورو کے جے جے نگر میں حادثہ کے بعد تکرار اور اس کے نتیجہ میں ہونے والے چندرو نامی نوجوان کے قتل پر ہوم منسٹر جیانیندرا ارگا نے ریاستی میں بدامنی پھیلانے والا بیان دیتے ہوئے ٹویٹ کیا تھا کہ چندرو کو اردو بولنا نہیں آتا تھا اس لئے اس کا قتل کیا گیا ہے ۔ جبکہ اسی دن بنگلورو کے پولیس کمشنر کمل پنت نے اس واقعہ کے تعلق سے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ چندرو اور سائمن نامی دونوں نوجوانوں کی بائک شاہد کی بائک سے ٹکرا گئی ۔ اس بات پر جھگڑا شروع ہوا جس میں کچھ اور لوگ بھی شامل ہوگئے ۔ اس دوران شاہد نے چندرو پر چاقو سے حملہ کرکے فرار ہوگیا جس کے بعد چندرو اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔
حالانکہ معمولی حادثہ پر شروع ہونے والا جھگڑا قتل کی واردات تک پہنچا تھا لیکن ہوم منسٹر نے اسے کچھ اور ہی رنگ دیتے ہوئے غلط بیانی سے کام لیا اور ایسا بیان دیا جس سے فرقہ وارانہ اشتعال پیدا ہونے کے علاوہ ریاست بھر میں بد امنی اور فساد پھیلنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ۔ پھر بی جے پی کے نیشنل سیکریٹری سی ٹی روی نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ہوم منسٹر کے بیان کی تائید کی ۔
شکایت میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس طرح کے اشتعال انگیز بیانات سے ان لوگوں کا مقصد فرقہ وارانہ فساد بھڑکانا اور اس کا سیاسی فائدہ اٹھانا ہے ۔ اس لئے ان کے خلاف امن و امان میں خلل اور مختلف فرقوں میں دشمنی اور نفرت کا ماحول پیدا کرنے کے الزام میں آئی پی سی کی دفعہ 120B, 124A,153A, 153B کے تحت کیس درج کیا جائے اور ضروری قانونی کارروائی کی جائے ۔ اس تحریری شکایت کی نقل ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو بھی روانہ کی گئی ہے ـ